“پاکستان نے عالمی سفیروں کو پہلگام حملے پر بریف کر کے بھارت کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب کر دیا”

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے ایک اہم سفارتی محاذ سنبھالا، جہاں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے دنیا بھر کے سفیروں کو پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کر کے مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ سب سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے گھڑی گئی کہانی ہے۔
آمنہ بلوچ نے واضح کیا کہ بھارت داخلی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، اور ایسے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے باور کروایا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ اجلاس پاکستان کے مؤقف کو عالمی برادری کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے، اور بھارت کے یکطرفہ پروپیگنڈے کا واضح اور سفارتی جواب بھی۔