دل دہلا دینے والا واقعہ: صرف 30 روپے پر دو بھائیوں کا قتل

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع قصور کے گاؤں رتی پنڈی سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کے ساتھ پیش آیا، جو لاہور سے اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔ راستے میں رائیونڈ کے قریب واقع گاؤں بھمبھ میں انہوں نے ایک درجن کیلے خریدے جن کی قیمت 130 روپے تھی۔ ان کے پاس ایک سو روپے کا نوٹ اور پانچ ہزار والے نوٹ تھے، جبکہ فروٹ فروش کے پاس پانچ ہزار کا کھلا پیسہ موجود نہیں تھا۔
انہوں نے فروٹ فروش سے کہا کہ سو روپے لے لو یا باقی کے 30 روپے کے کیلے واپس کر دو۔ اسی معمولی بات پر تکرار شروع ہو گئی۔ مبینہ طور پر فروٹ فروش نے گالیاں دینا شروع کر دیں جس پر جھگڑا بڑھ گیا۔
فروٹ فروش نے اپنے دوستوں کو فون کر کے بلایا، جو قریب ہی کرکٹ کھیل رہے تھے۔ وہ سب بغیر کسی تحقیق کے وہاں پہنچے اور دونوں بھائیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ دونوں شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیے گئے، جہاں چھوٹے بھائی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، اور کچھ دیر بعد بڑا بھائی بھی جان کی بازی ہار گیا۔
یہ واقعہ نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے کہ معمولی جھگڑے کس طرح جان لیوا بنتے جا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے مثالی سزا دیں تاکہ آئندہ کسی ماں کی گود نہ اجڑے۔ 💔