“جب ٹریفک جام بھی صحت مند بنا دے!”

نیدرلینڈز میں اگر آپ صبح سات بجے کے وقت کسی مصروف سڑک کا منظر دیکھیں تو شاید آپ کو ایک لمحے کو یقین نہ آئے کہ یہ واقعی ٹریفک جام ہے—لیکن کاروں کا نہیں، سائیکلوں کا! ہر طرف سے لوگ، نوجوان ہوں یا بزرگ، خواتین ہوں یا مرد، دفتر یا اسکول جانے کے لیے سائیکل پر سوار نظر آتے ہیں۔ یہاں سائیکل صرف ایک سواری نہیں بلکہ طرزِ زندگی ہے۔
اسی عادت کا اثر ہے کہ نیدرلینڈز میں موٹاپہ نایاب ہے، اور لوگ عام طور پر لمبے قد، چاک و چوبند اور صحت مند نظر آتے ہیں۔ اوسط قد چھ فٹ کے آس پاس ہے اور طرزِ زندگی میں فزیکل ایکٹیویٹی اس قدر شامل ہے کہ علیحدہ سے ورزش کی بھی ضرورت کم ہی پڑتی ہے۔
یہاں سائیکل چلانا نہ صرف ماحول دوست انتخاب ہے بلکہ ایک ایسا معمول بھی ہے جس نے ایک پوری قوم کو فٹ اور فریش رکھا ہوا ہے۔ سوچیں اگر ہم بھی اپنی زندگی میں تھوڑا سا پہیہ گھمائیں تو شاید نہ صرف صحت بہتر ہو بلکہ سڑکیں بھی کم شور اور دھوئیں سے پاک ہو جائیں۔