یمنیٰ زیدی نے ’’قرضِ جاں‘‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے دل جیت لیے، لیکن ان کا فی قسط معاوضہ اب تک ایک راز ہی ہے۔

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والا مقبول ڈرامہ ’’قرضِ جاں‘‘ نہ صرف اپنی دل کو چھو لینے والی کہانی بلکہ اداکاروں کی شاندار پرفارمنس کی بدولت بھی مداحوں کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے۔ اس ڈرامے کی خاص بات یمنیٰ زیدی کی مرکزی کردار میں موجودگی تھی، جنہوں نے ایک حساس اور باوقار لڑکی “نشوا” کا کردار بڑی مہارت سے نبھایا۔

تاہم، ان دنوں سوشل میڈیا پر صرف یمنیٰ کی اداکاری ہی نہیں بلکہ اُن کا مبینہ معاوضہ بھی زیرِ بحث ہے۔ نیوز 18 کے مطابق، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یمنیٰ زیدی نے ’’قرضِ جاں‘‘ کی ہر قسط کے عوض تقریباً دو سے تین لاکھ روپے معاوضہ وصول کیا۔ چونکہ ڈرامے کی کل اقساط 32 تھیں، اس اعتبار سے ان کا کل معاوضہ 70 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کے درمیان بتایا جا رہا ہے۔

یہ معاوضہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے لیے نہایت اہم اور نمایاں سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر جب بات ایک سنگل پراجیکٹ کی ہو۔ اگرچہ یمنیٰ زیدی یا ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، مگر مداحوں کے لیے یہ بحث خاصی دلچسپی کا باعث بن گئی ہے۔

یمنیٰ زیدی کی پرفارمنس اور ان کی مقبولیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہ اس وقت پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں شامل ہیں—چاہے وہ کردار کے انتخاب کی بات ہو، یا پھر اپنے معاوضے کی!

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں