پہلگام فالس فلیگ کے بعد پاک فوج کی جنگی تیاریاں عروج پر

پہلگام میں بھارت کی جانب سے مبینہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان میں فوجی سطح پر تیاریاں تیز تر ہو گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سیالکوٹ، نارووال، ظفروال اور شکر گڑھ سمیت متعدد سرحدی علاقوں میں جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں جن میں جدید ہتھیاروں، ٹینکوں، توپ خانے اور انفنٹری یونٹس نے بھرپور شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے جوان دفاع وطن کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور ہر لمحہ چوکس ہیں۔
فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق، “ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔”
29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارت نے لائن آف کنٹرول (LOC) پر کیانی اور منڈل سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس میں چھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو خاموش کروا دیا۔
ذرائع کے مطابق، پاک فوج کے جواب میں بھارت کے کئی مورچے تباہ ہوئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں “چکپترا پوسٹ” کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں سے آبادی کا انخلا شروع کر دیا ہے جبکہ وہاں مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے، جسے مبصرین بھارتی جنگی جنون قرار دے رہے ہیں۔