“بھارتی جارحیت، بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور”

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ یہ قرارداد بدھ، 7 مئی 2025 کو اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیش کی گئی، جسے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیش کیا۔ قرارداد میں بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور شہری علاقوں پر بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ان حملوں میں مریدکے، احمد پور ایسٹ، مظفرآباد، کوٹل، سیالکوٹ کے گاؤں کوٹلی لوہاراں اور شکرگڑھ کے قریب مساجد، ڈسپنسریاں اور دیگر شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے ۔

قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور دوطرفہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔ مزید برآں، ایوان نے پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور متعدد بھارتی طیارے مار گرانے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ایوان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے حالیہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور شہری علاقوں پر بلاوجہ حملوں کے ثبوت فوری طور پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری کے سامنے پیش کرے، تاکہ بھارت کے خطرناک عزائم اور مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے ۔

اس قرارداد کے ذریعے بلوچستان کے عوام نے ایک مرتبہ پھر اپنی بہادر افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایوان میں نعرہ تکبیر سے فضا گونج اُٹھی، جس سے بھارتی جارحیت کے خلاف عوامی جذبات کا بھرپور اظہار ہوا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں