“جب جھوٹ کی گونج حقیقت کی چیخوں کو دبانے لگے، تب جان لیں کہ جنگ صرف سرحدوں پر نہیں، ذہنوں میں بھی جاری ہے۔”

بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پروپیگنڈہ مہم چلا رکھی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ قائم کرنا ہے۔ ان جھوٹی خبروں کے ذریعے بھارت عالمی سطح پر پاکستان کو جارح ملک ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے یہ جعلی خبریں اس کی ننگی جارحیت کو جواز بخشنے کا ایک ناکام حربہ ہیں۔ ان فیک خبروں میں پاکستان پر حملے کا جھوٹا الزام لگایا گیا، جس میں ایف-16 طیارے کو گرائے جانے کا دعویٰ بھی شامل ہے، لیکن یہ دعویٰ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ثابت ہوا۔
بھارتی میڈیا اپنی حکومت کے کہنے پر پروپیگنڈہ مہم چلا رہا ہے، جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ سکھوں اور کشمیریوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت نے امرتسر اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں خود میزائل گرائے اور اس کا الزام پاکستان پر ڈال دیا۔ مقصد واضح ہے، سکھوں اور کشمیریوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر کے ان کی ہمدردیوں کو منتشر کرنا۔
بھارت کی یہ ذہنی جنگ محض سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ یہ ذہنوں کو مسخر کرنے کی جنگ ہے۔ عالمی برادری کو اس پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے ان ہتھکنڈوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔