پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت مخالف بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی اور عوامی لیڈر عمران خان کی رہائی اور نااہل حکومت کے خاتمے کے لیے بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر کے پارٹی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوام کے حقوق اور عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کو منظم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جاری تحریک کو ایک نئے ولولے کے ساتھ پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی حکومتی دھمکیوں یا دباؤ کے سامنے جھکیں گے نہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک کی حتمی تاریخ کے اعلان کا اختیار سیاسی کمیٹی کو سونپ دیا گیا ہے، جو آئندہ چند روز میں مشاورت کے بعد احتجاجی تحریک کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔

پارٹی قیادت نے یہ بھی طے کیا کہ ڈویژنل سطح پر مشاورتی اجلاس جلد بلائے جائیں گے تاکہ کارکنان اور رہنماؤں کو متحرک کیا جا سکے۔ یہ تحریک نہ صرف عمران خان کی رہائی کے لیے ہے بلکہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھی ہے۔

یاد رہے کہ یہ اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خصوصی ہدایت پر طلب کیا تھا، جس میں انہوں نے تحریک کو بھرپور طاقت کے ساتھ چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کے ہر کونے میں، ہر گلی، ہر شہر میں تحریک انصاف کے کارکنان ایک بار پھر عمران خان کے لیے کھڑے ہونے کو تیار ہیں۔ یہ تحریک صرف ایک فرد کی رہائی کی نہیں، بلکہ پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں