“پشاور میں طوفان کا قہر: آندھی کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع، ضلعی انتظامیہ کا فوری ایکشن!”

پشاور اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ گھنٹہ گھر سبزی منڈی میں تیز آندھی کے باعث ایک درخت گرنے سے دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم کے ہمراہ متاثرہ علاقوں، بشمول گھنٹہ گھر سبزی منڈی اور گلبہار کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی، امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا، اور موقع پر موجود افسران کو ہدایات دیں کہ متاثرین کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا، “ضلعی انتظامیہ اس ناگہانی آفت سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔” انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ علاقے میں درختوں، بجلی کے کھمبوں، اور دیگر خطرناک اشیاء کا فوری معائنہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بجلی کی تاروں، کمزور درختوں، یا دیواروں کے قریب نہ جائیں۔

ضلعی انتظامیہ پشاور مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور امدادی ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

“پشاور میں طوفان کا قہر: آندھی کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع، ضلعی انتظامیہ کا فوری ایکشن!”” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں