گرمی کے بعد ملک کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، موسم میں خوشگوار تبدیلی کی نوید!

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ خصوصی طور پر کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، جنوب مشرقی و مشرقی سندھ اور شمالی مشرقی بلوچستان میں ابر آلود موسم اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا میں تیز بارش کی توقع ہے۔
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور جنوب مشرقی/مشرقی سندھ میں جزوی ابر آلودگی اور چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
کراچی میں آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ نمی کی زیادہ مقدار کے باعث حبس کے ساتھ گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے، اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش کا امکان بھی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔