قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس میں کمی کی تجویز منظور کر لی.

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں انکم ٹیکس سے متعلق مختلف تجاویز کا شق وار جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں تبدیلی کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سالانہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے کی آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح کو موجودہ 2.5 فیصد سے کم کرکے صرف 1 فیصد کیا جائے گا۔ اس اقدام سے درمیانے درجے کے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کافی حد تک کم ہو گا۔

اسی اجلاس میں کارپوریٹ سیکٹر پر لگنے والے سپر ٹیکس میں بھی 0.5 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے، جس کا مقصد کاروباری شعبے کی ترقی کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

یہ فیصلے اس وقت سامنے آئے ہیں جب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال میں 6 سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر انکم ٹیکس کی شرح 5 فیصد تھی، جو اب 2.5 فیصد تجویز کی گئی تھی اور اب اسے مزید 1 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں