لاہور: ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ.

لاہور کے پوش علاقے میں واقع ایک نجی سوسائٹی میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات گئے پیش آیا، جب چند مسلح افراد نے رجب بٹ کے گھر کو نشانہ بنایا اور متعدد گولیاں چلائیں، جو گھر کی دیواروں میں پیوست ہو گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کے باہر بیٹھا ایک کتا گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فارنزک ٹیم کو بھیج دیے گئے ہیں، جبکہ قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعے کا مقصد خوف پھیلانا یا ممکنہ طور پر رجب بٹ کو ہراساں کرنا ہو سکتا ہے۔ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 440 (کسی کی رہائش یا جائیداد کو نقصان پہنچانا) اور 429 (جانور کو نقصان پہنچانے پر سزا) کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ وہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کے پسِ پردہ محرکات سامنے لائے جا سکیں۔