اسلام آباد میں 50 سالہ پرانی اسٹیشنری شاپ بند، وفادار گاہکوں نے شمعیں جلا کر الوداع کہا۔

اسلام آباد کے معروف تجارتی مرکز سپر مارکیٹ میں قائم نصف صدی پرانی اسٹیشنری کی دکان “کتاب محل” بالآخر بند کر دی گئی، جس پر نہ صرف پرانے گاہک افسردہ ہوئے بلکہ کئی شہریوں نے جمع ہو کر شمعیں روشن کر کے اس تاریخی دکان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ دکان 1970 کی دہائی میں قائم ہوئی تھی اور طلبہ، اساتذہ، ادیبوں اور فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا مستقل مرکز بنی رہی۔ یہاں نہ صرف نایاب کتابیں اور اسٹیشنری دستیاب تھی بلکہ اہلِ علم کی بیٹھک بھی لگی رہتی تھی۔
دکان کے مالکان کے مطابق بڑھتے ہوئے کرائے، کم ہوتے منافع اور آن لائن خریداری کے رجحان نے کاروبار کو ناقابل برداشت بنا دیا، جس کے باعث انہیں اسے بند کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پر اس خبر نے جذباتی لہر دوڑا دی۔ کئی صارفین نے یادیں شیئر کیں، جب وہ بچپن میں یہاں سے پہلی کاپی، قلم یا رنگ خریدنے آئے تھے۔ دکان بند ہونے پر لوگوں کی جانب سے شمعیں جلا کر الوداع کہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ محض ایک دکان نہیں، بلکہ ایک عہد کا خاتمہ تھا۔