معرکہ حق کی یادگار — سٹیٹ بینک کا 75 روپے کا خصوصی یادگاری سکّہ، پاکستان کی قربانیوں کی پہچان۔
پاکستان کے مرکزی بینک یعنی سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یومِ آزادی اور “معرکہ حق” کی یاد میں 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکّہ ملکی تاریخ اور قربانیوں کی علامت کے طور پر خاص اہمیت رکھتا ہے۔
سکّے کے سامنے کے رخ پر وسط میں ایک ہلال اور پانچ نوکوں والا ابھرتا ہوا ستارہ نمایاں ہے، جو پاکستان کے جھنڈے کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ کنارے پر اردو میں کندہ “اسلامی جمہوریہ پاکستان” کے الفاظ درج ہیں جبکہ اوپر اجرا کا سال “2025” عددی صورت میں موجود ہے۔
قبی رخ پر وسط میں “معرکۂ حق” اور سال “2025” کے الفاظ واضح طور پر کندہ کیے گئے ہیں۔ سکّے کے بالائی کناروں پر اردو عبارت “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” درج ہے، جو ملک سے محبت اور اتحاد کی علامت ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، یہ یادگاری سکّہ 15 اگست 2025 سے سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز پر دستیاب ہوگا۔
یہ سکّہ نہ صرف مالیاتی قدر رکھتا ہے بلکہ پاکستانی قوم کی جدوجہد، قربانیوں اور حب الوطنی کی ایک زندہ یادگار بھی ہے۔




