“بھارت کے خلاف کارروائی اب صرف گھنٹوں کی بات ہے، دنیا دیکھے گی،” وزیر دفاع خواجہ آصف کا دوٹوک اعلان

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کارروائی اب صرف گھنٹوں کی بات ہے اور جب پاکستان کارروائی کرے گا تو دنیا اسے دیکھے گی۔ قومی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گرایا گیا، جبکہ بھارت کے اپنے طیارے تباہ ہوئے اور وہ عالمی سطح پر بےعزتی کا سامنا کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پہلے بھارت اپنے طیاروں کی تباہی تسلیم نہیں کر رہا تھا، لیکن اب لڑاکا طیاروں کی سیٹیں بنانے والی کمپنی نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ چار سیٹیں ایجیکٹ ہوئی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا اور ہمیشہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا اور حکام کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے جموں پر حملہ کیا ہے۔
وزیر دفاع نے بھارتی فوج کے اس مضحکہ خیز دعوے کا بھی جواب دیا کہ انہوں نے ایک پاکستانی طیارہ مار گرایا جس میں چار پائلٹس موجود تھے، انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ کوئی رکشہ نہیں تھا جس میں چار لوگ بیٹھے ہوں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری کی توقعات کے مطابق ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے، لیکن سرحد پار سے کسی بھی مہم جوئی کا موثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔