“گرمی کی شدت کے بعد اب بارشوں کی باری!” — محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی

ملک بھر میں شدید گرمی کے بعد محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی — کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ یکم مئی سے شروع ہونے جا رہا ہے، جو 4 مئی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق:
🔸 اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم غیرمعمولی حد تک گرم اور خشک رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
🔸 پنجاب کے جنوبی اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی کے بعد بعد از دوپہر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ یکم مئی سے کچھ علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
🔸 بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں رات کے وقت چاغی، نوشکی، خضدار، بیلہ اور آس پاس کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
🔸 خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، دیر، چترال، وزیرستان، کوہاٹ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت کئی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے۔
🔸 سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ شہری گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ بارشوں کے دوران ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔