کیدارناتھ میں ایک اور سانحہ — یاتریوں سے بھرا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک

ریاست اتراکھنڈ کے مقدس مقام کیدارناتھ سے گپت کاشی جانے والا آریان ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر ایک دلخراش حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق حادثہ صبح 5:20 پر اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر پرواز کے صرف 10 منٹ بعد جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔ بدقسمتی سے جہاز میں سوار تمام 6 یاتری اور پائلٹ جانبر نہ ہو سکے۔

حادثے کے بعد ملبے میں شدید آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں لاشیں مکمل طور پر جھلس گئیں اور شناخت ممکن نہ رہی۔ یہ افسوسناک واقعہ کیدارناتھ مندر کھلنے کے بعد صرف 6 ہفتوں میں پیش آنے والا پانچواں ہیلی کاپٹر حادثہ ہے، جس نے یاتریوں میں گہری تشویش اور خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔

مزید یہ کہ 7 جون کو بھی اسی علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہوتے ہوئے بال بال بچا، جس کا ایک حصہ قریبی گاڑی پر جا گرا۔ یہ تسلسل سے پیش آنے والے واقعات نہ صرف سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ یاتریوں کی جانوں کو لاحق خطرات کی سنگینی بھی اجاگر کرتے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم مقامی لوگوں اور مسافروں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ہیلی کاپٹر سروسز کے سیکیورٹی پروٹوکول کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں