پاکستان کے اہم سپن باولر کو بنگلہ دیش نے کوچ بنا دیا
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق آف اسپنر ارشد خان کو زمبابوے کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ یہ سیریز 20 اپریل سے سلہٹ میں شروع ہو رہی ہے، جہاں ارشد خان بنگلہ دیشی اسپنرز کی تربیت کے لیے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔
ارشد خان، جو 1997 سے 2006 کے دوران پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 9 ٹیسٹ اور 58 ایک روزہ میچز کھیلے۔ وہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں اور کوچنگ کے میدان میں خاصا تجربہ رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ان کا ابتدائی معاہدہ تین ماہ کا ہے، تاہم پاکستان میں ہونے والی ٹی20 سیریز کے بعد اگر دونوں فریق رضامند ہوں تو یہ معاہدہ 2027 کے ورلڈ کپ تک توسیع پا سکتا ہے۔
اس تقرری سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کو بھی تین ماہ کے لیے فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا تھا، جو بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورے پر پانچ ٹی20 میچز کے دوران ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ عمر گل کا شمار اپنے وقت کے بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے اور اب وہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے مستفید کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیمز پامٹ کو بھی فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے، جنہیں 2027 ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جیمز پامٹ آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کئی سال خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پاکستانی کوچز کی بنگلہ دیش ٹیم میں شمولیت کرکٹ کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ ارشد خان اور عمر گل جیسے تجربہ کار کھلاڑی بنگلہ دیشی کرکٹ کو نیا رخ دے سکتے ہیں، اور ان کی شمولیت سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔




