کموڈ: جاپانی ٹیکنالوجی کا وہ جادو جس نے تشریف کو “ٹچ اسکرین” بنا دیا!

جاپانی کموڈ کوئی عام کموڈ نہیں، یہ ایک مکمل شاہانہ تجربہ ہے۔ یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جس نے بیت الخلا کو ایک روحانی، جذباتی اور فلسفیانہ مقام بنا دیا ہے۔ جہاں دنیا بھر میں لوگ کموڈ کو محض ضرورت کے تحت استعمال کرتے ہیں، وہاں جاپانی کموڈ کو استعمال کرنا ایک “تقریب” بن جاتا ہے۔

یہ کموڈ سب سے پہلے اپنی خوش آمدیدی گرمی سے دل جیتتا ہے۔ جیسے ہی آپ بیٹھتے ہیں، اس کی سیٹ سردیوں میں گرم ہو جاتی ہے—بلکہ پہلے سے گرم ہوتی ہے، تاکہ آپ کی تشریف کو وہ جھٹکا نہ لگے جو عام کموڈ دیتا ہے۔ گرمیوں میں یہی سیٹ ٹھنڈی ہو جاتی ہے، جیسے کوئی نرم بادل آپ کو گود میں لے لے۔

دائیں طرف کنٹرول پینل ہوتا ہے، بٹنوں سے بھرا ہوا، جیسے کوئی جہاز اڑانے لگا ہوں۔ ایک بٹن دبائیں تو نرم گرم پانی کی ایک دھار عین مقامِ مقصود پر “سلیقے” سے پہنچتی ہے۔ اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی نے ریشم کی انگلی آپ پر رکھ دی ہو۔ دوسرا بٹن دبائیں تو وہی دھار ایک سائیڈ سے، تیسرا دبائیں تو دوسری سائیڈ سے۔ اور پھر اگلے لمحے آپ کے پیچھے شاور کھل جاتا ہے جیسے کسی نے چھوٹے پیمانے پر برسات کا اہتمام کر دیا ہو۔

یہ دھاریں صرف صفائی کے لیے نہیں، یہ ایک تھراپی ہیں۔ گرم پانی کی ان لہروں سے انسان نہ صرف صاف ہوتا ہے بلکہ سکون کی ایسی کیفیت میں چلا جاتا ہے جہاں چند لمحوں کے لیے دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو جاتا ہے۔ کچھ لوگ مراقبہ کے لیے ہمالیہ جاتے ہیں، جاپانی کموڈ استعمال کرنے والوں کو اس کی ضرورت نہیں۔

جاپانی کموڈ میں ہوا سے خشک کرنے کا نظام بھی ہوتا ہے۔ مطلب آپ دھل بھی جائیں، سکھ بھی جائیں، اور وہ بھی بغیر ہاتھ ہلائے۔ بعض ماڈلز میں خوشبو کا اسپرے، سیٹ پر موجودگی کا سینسر، اور حتیٰ کہ رات کے اندھیرے میں خود بخود روشنی جلنے کا فیچر بھی موجود ہوتا ہے۔

کچھ کموڈ تو اتنے سمجھدار ہیں کہ آپ کے اُٹھتے ہی خود بخود پانی بہا دیتے ہیں، اور یوں آپ کو احساسِ ذمہ داری سے بھی آزاد کر دیتے ہیں۔ انسان سوچتا ہے کہ اگر جاپانی کموڈ کی طرح باقی دنیا بھی خودکار ہو جائے تو زندگی کتنی آسان ہو جائے۔

قیمت کی بات کریں تو جی ہاں، یہ سستا شوق نہیں۔ پاکستان میں ٹوٹو کمپنی کا جاپانی کموڈ سوا تین لاکھ روپے کا ہے۔ لیکن جب آپ ایک بار استعمال کر لیتے ہیں، تو دل کہتا ہے: “بنتا ہے بھائی، پورے مزے بنتے ہیں۔” کیونکہ یہ صرف ایک کموڈ نہیں، یہ آپ کی تشریف کا وفادار دوست ہے، خدمت گزار غلام ہے، اور کبھی کبھار تو ایسا لگتا ہے کہ یہ آپ سے محبت بھی کرتا ہے۔

جاپانی کموڈ وہ چیز ہے جس سے ایک بار محبت ہو جائے تو عام کموڈ دیکھ کر دل گھبراتا ہے۔ اور بندہ سوچتا ہے کہ بیت الخلا میں اگر ٹیکنالوجی اتنی ترقی کر سکتی ہے، تو باقی دنیا کیوں پیچھے ہے؟

تو اگر کبھی موقع ملے، تو جاپانی کموڈ پر بیٹھنے سے مت گھبرائیں۔ یہ ایک ایسا تجربہ ہے جو نہ صرف جسم کو، بلکہ روح کو بھی صاف کر دیتا ہے۔ اور ہاں، ایک بار بیٹھنے کے بعد اُٹھنے کو جی نہیں چاہتا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں