ڈی جی آئی ایس پی آر کی ہنگامی پریس کانفرنس: بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب

پاکستانی فوج کے ترجمان، ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے کیے جانے والے بلااشتعال حملوں کا جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 میزائل حملے کیے، جن میں احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، کوٹلی، باغ اور مریدکے شامل تھے۔ ان حملوں کے نتیجے میں 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر بتایا کہ مظفرآباد کی مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک بچی زخمی ہوئی۔ کوٹلی اور مریدکے میں بھی بھارتی حملوں سے مساجد اور دیگر مقامات کو نقصان پہنچا۔ ان حملوں میں احمد پور شرقیہ میں پانچ بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جن میں ایک معصوم بچی بھی شامل تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دیا اور دشمن کے 5 طیارے مار گرا دیے۔ ان میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل تھے۔ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا جو ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل کے فاصلے پر گرا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا اور ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ کو میزائل اسٹرائیک سے تباہ کیا۔ اس کے علاوہ، برنالہ سیکٹر میں بھارتی ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ سیالکوٹ اور نارووال میں بھارتی ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عوام کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور دشمن کے بلاجواز حملے کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج ہر محاذ پر مضبوط ہیں اور بھارتی حملوں کا مؤثر جواب دیں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں