“ٹیکنالوجی کے بادشاہ ایلون مسک کمپیوٹر استعمال نہیں کرتے؟ عدالت میں وکلا نے دیا ایسا بیان کہ سب حیران رہ گئے!”
ایلون مسک، جو یسلا، اسپیس ایکس اور دیگر عالمی شہرت یافتہ ٹیک کمپنیوں کے مالک ہیں، ان کے وکلا نے کیلیفورنیا کی عدالت میں ایک دلچسپ دعویٰ پیش کیا ہے کہ ایلون مسک کمپیوٹر استعمال نہیں کرتے۔ یہ دعویٰ اس قانونی تنازعے کے دوران سامنے آیا ہے جو مسک اور چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے درمیان چل رہا ہے۔
وکلاء کے مطابق، مسک اپنا زیادہ تر کام موبائل فونز پر کرتے ہیں اور بڑے ڈسپلے والے فونز کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ عدالت میں جمع کرائے گئے شواہد میں ان کے موبائل فونز اور ای میلز کی تحقیقات ہو سکتی ہیں۔ یہ دعویٰ خاصا حیران کن ہے کیونکہ مسک اکثر سوشل میڈیا پر اپنے لیپ ٹاپ کا ذکر کرتے ہیں، اور گیمنگ کے حوالے سے ایسی پوسٹس کرتے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کمپیوٹر پر بھی کام کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر، دسمبر 2024 میں انہوں نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے تین سال پرانے لیپ ٹاپ کی تصویر شیئر کی تھی۔ اس کے باوجود وکلاء کا موقف ہے کہ ان کا زیادہ تر کام موبائل ڈیوائسز پر ہوتا ہے۔
یہ مقدمہ اس وقت شدت اختیار کر گیا ہے جب مسک نے اوپن اے آئی اور اس کے سی ای او سام آلٹمین پر الزام عائد کیا کہ کمپنی نے غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرنے کے وعدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اوپن اے آئی نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور دونوں فریقین عدالت میں ایک دوسرے کے خلاف شواہد جمع کروا رہے ہیں۔
اب عدالت میں جمع کرائے جانے والے دستاویزات اور ای میلز کی بنیاد پر اس کیس کی مزید پیش رفت متوقع ہے، جس پر دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔




