“امن کے خواب تبھی تعبیر پاتے ہیں جب اندرونی دشمنوں کا قلع قمع کیا جائے۔”
انڈیا کے ساتھ براہ راست جنگ میں الجھنے کے بجائے پاکستان کو اپنی توجہ پنجاب میں ایک بڑے اور فیصلہ کن آپریشن پر مرکوز کرنی چاہیے، جہاں خوارج اور دہشت گردوں کے کیمپ ملک کی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ مسعود اظہر، حافظ سعید، ذکی الرحمن لکھوی اور داود ابراہیم جیسے عناصر کو گرفتار کر کے بھارت کے حوالے کرنا ایک ایسا قدم ہو سکتا ہے جو نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کرے گا بلکہ خطے میں امن کی بحالی کا راستہ بھی ہموار کرے گا۔ ماضی میں پاکستانی فوج نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں کئی بڑے آپریشنز کیے، جن میں بے شمار شدت پسندوں کو قابو پایا گیا اور کئی کو امریکہ کے حوالے کر کے اُس وقت کے آرمی چیفس جیسے جنرل اشفاق پرویز کیانی، جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعزازات حاصل کیے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اسی عزم اور شدت کے ساتھ پنجاب میں موجود دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ داخلی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور پاکستان کو ایک پرامن اور محفوظ ریاست کے طور پر عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ ایک مضبوط اور صاف شفاف پاکستان ہی بھارت سمیت پورے خطے میں پائیدار امن کا ضامن بن سکتا ہے۔




