“مدنا پور ریلوے اسٹیشن پر بنے پرچم یا نفرت کا پیغام؟ سوشل میڈیا پر ویڈیو نے ہنگامہ کھڑا کر دیا!”

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر بھارت کے شہر مدنا پور کے ریلوے اسٹیشن کے فرش پر پاکستان، بنگلہ دیش اور فلسطین کے جھنڈے بنے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ان پرچموں کو اسٹیشن کے داخلی راستے کے قریب اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ لوگ ان پر چلتے ہوئے گزرتے ہیں — جو کہ ان ممالک کے لیے نہ صرف توہین آمیز تصور کیا جا رہا ہے بلکہ ایک اشتعال انگیز پیغام بھی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہیں۔ کشیدگی کے اس ماحول میں ایسے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان فاصلے مزید بڑھا سکتے ہیں۔
تاحال بھارتی ریلوے انتظامیہ یا کسی سرکاری ادارے کی جانب سے اس ویڈیو پر کوئی وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا، جس سے سوشل میڈیا صارفین میں غصہ اور تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔ متعدد افراد نے اسے مذہبی اور سیاسی نفرت پھیلانے کی ایک منظم کوشش قرار دیا ہے اور اس پر بین الاقوامی سطح پر احتجاج کا مطالبہ کیا ہے۔