“کچرا یا جرم؟ کراچی میں 7 افغان باشندے گرفتار، 50 ہزار روپے جرمانہ”

کراچی کے ضلع وسطی میں کچرا چننے والے سات افغان باشندوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کر کے ان پر فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کی ہدایت پر اور اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد حمیراحمد کی زیرِ نگرانی انجام دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، گرفتار افغان باشندے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے نام پر غیر قانونی طور پر کچرا جمع کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے چار گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں جنہیں حیدری تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ملزمان کے خلاف تیموریہ تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد جعلی یا غیر رجسٹرڈ گروپوں کے ذریعے شہر میں ہونے والی کچرا چننے کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے، جو مبینہ طور پر سالڈ ویسٹ بورڈ کے کام میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان افغان شہریوں کے پیچھے موجود گروہ کا مبینہ سرغنہ “بسم اللہ خان” تاحال مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کراچی میں صفائی کے مسائل اور غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی موجودگی کے حوالے سے عوامی دباؤ بڑھ رہا ہے۔