“پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی: 9200 پوائنٹس کا زبردست اضافہ، کاروبار عارضی طور پر معطل”
نئے ہفتے کے آغاز پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں کاروبار کا آغاز 9200 پوائنٹس کے غیر معمولی اضافے سے ہوا۔ چند منٹوں میں ہی انڈیکس 9500 پوائنٹس تک جا پہنچا، جس کے بعد کاروباری قواعد کے تحت مارکیٹ میں سرکٹ بریکر لگاتے ہوئے کاروبار کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
اس غیر معمولی تیزی کے دوران انڈیکس 116,650 پوائنٹس تک پہنچ گیا، اور کاروباری اصول کے مطابق پانچ فیصد اضافے کے بعد مارکیٹ کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جو کہ دو سال بعد پہلی بار ہوا۔
گذشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں 6000 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، لیکن جنگ بندی اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط کی منظوری نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کر دیا۔
تجزیہ کار محمد سہیل کے مطابق جنگ بندی اور آئی ایم ایف کے فیصلے نے ملکی معاشی فرنٹ پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔




