بھارتی جارحیت بے نقاب، پاکستان نے اقوام متحدہ میں دشمن کا مکروہ چہرہ دکھا دیا!

پاکستان نے بھارتی حملے کی سنگینی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت اور اس کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان مناسب وقت اور مقام پر بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ عزائم اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا ہے، تاکہ دنیا جان سکے کہ جنوبی ایشیا میں جاری کشیدگی کی اصل وجہ کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رکھیں اور خطے میں امن کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے پرعزم اور مکمل طور پر تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مقصد نہ صرف بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنا ہے بلکہ عالمی برادری کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر مجبور کرنا بھی ہے۔