بھارت کا بزدلانہ حملہ، پاک فوج کا بھرپور جواب: دشمن کے 5 جہاز تباہ، بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر مٹی کا ڈھیر

بھارت کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، دشمن کے 5 طیارے تباہ کر دیے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر مٹی کا ڈھیر بنا دیا۔ رات گئے بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 میزائل حملے کیے، جن میں احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، کوٹلی، باغ اور مریدکے شامل تھے۔ ان حملوں میں 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے۔ مظفرآباد کی مسجد بلال، کوٹلی کی مسجد عباس اور مریدکے میں ایک مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔ دشمن کا ایک رافیل طیارہ ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل کے فاصلے پر مار گرایا گیا۔ دشمن کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا اور اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کی جبکہ برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون مار گرایا۔ سیالکوٹ کے کوٹلی لوہاراں میں پاکستان نے بھارت کے 2 ڈرون مار گرائے، جب کہ نارووال اور ظفروال میں بھی بھارتی ڈرون گرائے گئے۔ ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رات گئے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ دشمن کے بلااشتعال حملے کے باوجود پاک فوج بھرپور دفاع کر رہی ہے اور عوام کی حمایت کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں