جاپان نے انٹرنیٹ کی رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا — 19 کور والے فائبر سے ڈیٹا کی انقلابی منتقلی!

جاپان نے انٹرنیٹ کی رفتار میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے، جہاں 19 کور والے جدید ترین آپٹیکل فائبر کے ذریعے ایک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1,808 کلومیٹر کے فاصلے پر 1.02 پیٹا بٹس فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا منتقل کیا گیا ہے، یعنی ایک سیکنڈ میں 10 لاکھ جی بی سے زائد معلومات کا تبادلہ ممکن ہو گیا ہے۔
یہ فائبر کیبل نہایت باریک ہے، جس کا قطر صرف 0.125 ملی میٹر ہے، مگر اس کی ڈیٹا ٹرانسفر کی صلاحیت بے مثال ہے۔ اس جدت کی بدولت مستقبل کی ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت (AI)، چھٹی نسل کی موبائل ٹیکنالوجی (6G)، اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد ملے گی۔
ماضی کے تجربات میں آپٹیکل فائبر کی رفتار طویل فاصلے پر کمزور ہو جاتی تھی، مگر اس نئے 19 کور فائبر نے اس مسئلے کو حل کر دیا ہے، جسے یوں سمجھیں کہ ایک لین والی سڑک کو 19 لین والی ہائی وے میں تبدیل کر دیا گیا ہو، جہاں ہر لین الگ ڈیٹا کی ترسیل کی گنجائش رکھتا ہے۔
یہ تکنیکی انقلابی پیش رفت نہ صرف ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اہم ہے بلکہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار کو بھی نئی جہت دے گی۔ مستقبل قریب میں اس طرح کی ٹیکنالوجیز سے دنیا کے کونے کونے میں تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ ممکن ہو سکے گا۔