غزہ میں القسام بریگیڈز کا بڑا حملہ — جبالیہ میں اسرائیلی ٹینک تباہ، 4 اہلکار ہلاک، بیت المقدس میں بھی فائرنگ سے جانی نقصان۔

فلسطین میں قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مزاحمت جاری ہے، اور تازہ ترین جھڑپ میں حماس کے عسکری ونگ القصام بریگیڈز نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک اسرائیلی ٹینک کو دھماکے سے اڑا کر چار اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

الجزیرہ نے اسرائیلی فوجی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پیر کی صبح جبالیہ میں ایک اسرائیلی ٹینک دھماکہ خیز مواد کی زد میں آیا، جس کے نتیجے میں عملے کے تمام اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی صبح 5 بجے کی گئی، جب فلسطینی مزاحمت کاروں نے ٹینک پر بارودی مواد پھینکا اور ٹینک کمانڈر کو نشانہ بنایا، جس کے باعث ٹینک میں شدید آگ لگ گئی۔

یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا جب اسرائیلی افواج غزہ شہر پر قبضے کی تیاری کر رہی تھیں اور علاقے میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج اس وقت غزہ شہر میں شدید تباہی مچا رہی ہیں اور شہریوں کو علاقے سے نکالنے کے لیے کثیر المنزلہ عمارتوں کو بمباری کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

دوسری جانب، القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے قابض فوج کے خلاف “آپریشن عصائے موسیٰ” شروع کر رکھا ہے۔ اس آپریشن کے تحت زیتون اور جبالیہ سمیت مختلف علاقوں میں ٹینکوں، فوجی گاڑیوں اور چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسی روز ایک اور واقعے میں مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 6 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، تاہم ابتدائی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ بھی موجودہ کشیدہ حالات کے تناظر میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ واقعات اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان جاری جنگ کے شدت اختیار کرنے کا واضح اشارہ ہیں، جہاں ایک طرف اسرائیل بڑی عسکری طاقت کے ساتھ حملے کر رہا ہے، وہیں فلسطینی مزاحمت کار محدود وسائل کے باوجود مؤثر جوابی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں