مزید بارشیں اور پگھلتے گلیشیئرز — شمالی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری!

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں مون سون سیزن کے دوران مزید دو اسپیل متوقع ہیں، جن کے دوران شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل بھی تیز ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق، اگلے چند ہفتوں کے دوران ہونے والی بارشیں نہ صرف پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے اچانک سیلابی کیفیت بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں گلیشیئرز موجود ہیں، وہاں درجہ حرارت میں اضافے اور مون سون بارشوں کے امتزاج سے گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (GLOFs) کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی آبادیوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے اور مقامی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نقل مکانی کی وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا موجودہ سیزن معمول سے زیادہ متحرک ہے، اور اگست کے آخر تک شدید بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر موسم کی تازہ صورتحال دیکھے بغیر نہ کریں، اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں