“پاکستان اور بھارت تصادم کے دہانے پر — لندن میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کا انتباہ”

لندن میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے تشویش ناک انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک ممکنہ تصادم کے قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی نہیں چاہتا لیکن انٹیلی جنس رپورٹس واضح طور پر بھارتی جارحیت کی تیاری کی نشان دہی کر رہی ہیں۔ بھارتی حکومت نے اپنی تینوں افواج — آرمی، نیوی اور ایئر فورس — کو حملے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور بھارت کو غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی گئی ہے، مگر مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں۔ اگر بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان 2019 کی طرح بھرپور، فیصلہ کن جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری سے توقع رکھتا ہے کہ وہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رکھے تاکہ خطے کو ایک اور خطرناک جنگ سے بچایا جا سکے۔