“غیر ملکی ممالک سے بے دخل کیے گئے 53 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ، تحقیقات کا آغاز”

اسلام آباد (اوصاف نیوز) — وفاقی حکومت نے بیرونِ ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے 53 ہزار پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور جعلی دستاویزات کے استعمال کی روک تھام ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا، جہاں ایک اہم اجلاس کے دوران انہیں اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ پاسپورٹ کے اجرا کے لیے نئی شرائط سے متعلق تمام قانونی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مستقبل میں جعلی اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد کا راستہ روکا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی پورٹ شدہ افراد کے خلاف کارروائی میں 100 فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے عالمی برادری کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی پالیسیوں سے نہ صرف بھکاری مافیا بلکہ انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو ملکی ساکھ کی بہتری اور بین الاقوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔