کیا مصنوعی طریقے سے سورج کی روشنی کم کر کے زمین کو بچایا جا سکتا ہے؟ برطانیہ نے حیران کن تجربے کی تیاری کر لی!

برطانیہ زمین کو ماحولیاتی تباہی سے بچانے کے لیے ایک نیا اور حیران کن سائنسی تجربہ کرنے جا رہا ہے۔ حکومت جلد ایک ایسے منصوبے کی منظوری دے رہی ہے جس کا مقصد مصنوعی طور پر سورج کی روشنی کو کم کر کے زمین کا درجہ حرارت وقتی طور پر گھٹانا ہے۔ 50 ملین پاؤنڈ لاگت کے اس منصوبے کی نگرانی ایڈوانسڈ ریسرچ اینڈ انوینشن ایجنسی (ARIA) کر رہی ہے۔
منصوبے کے تحت دو طریقے آزمائے جائیں گے: ایک، زمین کی بالائی فضاء میں باریک ذرات چھوڑ کر سورج کی شعاعیں واپس آسمان کی طرف موڑنا، اور دوسرا، سمندری بادلوں کو زیادہ چمکدار بنا کر روشنی کا بڑا حصہ واپس منعکس کرنا۔
اگر یہ تجربات کامیاب ہو گئے تو وقتی طور پر زمین کی سطح کا درجہ حرارت کم کیا جا سکے گا، جس سے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کچھ حد تک روکا جا سکے گا۔
تاہم، کئی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فطری نظام میں مداخلت خطرناک نتائج لا سکتی ہے اور اصل مسئلے یعنی کاربن کے اخراج پر توجہ ہٹ سکتی ہے۔
پروفیسر مارک سائمز کا کہنا ہے کہ یہ تجربے سخت اصولوں کے تحت کیے جائیں گے اور ماحول کو زہریلے اثرات سے بچانے کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
اب دنیا کی نظریں اس سائنسی مہم پر جمی ہیں کہ آیا یہ انسانیت کو بچانے کا نیا راستہ کھولے گی یا فطرت سے چھیڑ چھاڑ کا ایک اور خطرناک باب ثابت ہوگی۔