پنجاب میں گرمی کی شدت کے باوجود اسکول قبل از وقت بند نہ کرنے کا فیصلہ، حتمی منظوری وزیراعلیٰ مریم نواز دیں گی

پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کے خدشے کے باوجود محکمہ اسکول ایجوکیشن نے فی الحال سالانہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہی گرمیوں کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری تعلیم خالد نذیر وٹو نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا تو چھٹیاں مقررہ وقت سے پہلے بھی دی جا سکتی ہیں، لیکن اس کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کریں گی۔
محکمہ تعلیم نے وزیراعلیٰ کو تجویز دی ہے کہ یکم جون سے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا آغاز کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات شدید موسم سے محفوظ رہیں۔ تاہم، فی الحال چھٹیوں کو قبل از وقت دینے کا کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ اپریل کے آغاز میں صوبائی حکومت نے درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں 30 منٹ کی کمی کر دی تھی۔ یہ نیا شیڈول 7 اپریل سے نافذ العمل ہے اور 15 اکتوبر تک برقرار رہے گا۔ اس فیصلے کا مقصد بچوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے، مگر والدین اور اساتذہ کی جانب سے اب بھی یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ شدید موسم کی موجودگی میں اسکول جلدی بند کیے جائیں۔
اب سب کی نظریں وزیراعلیٰ مریم نواز کے فیصلے پر ہیں، جو آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت اور ممکنہ خطرات کو دیکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کریں گی۔