درخواست برائے اضافہ: اسپیشل کنوینس الاؤنس برائے معذور سرکاری ملازمین، بلوچستان

معذور سرکاری ملازمین وہ باہمت افراد ہیں جو جسمانی رکاوٹوں کے باوجود اپنے فرائض کو ایمانداری، دیانت اور لگن سے انجام دے رہے ہیں۔ خصوصاً بلوچستان جیسے پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں، جہاں تعلیمی و سرکاری ادارے اکثر 35 تا 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہوتے ہیں، روزانہ سفر کرنا معذور افراد کے لیے نہایت تکلیف دہ، مہنگا اور ذہنی دباؤ کا باعث بنتا ہے۔

بلوچستان کے اکثر علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات یا تو بالکل موجود نہیں یا انتہائی محدود ہیں، جس کے باعث معذور ملازمین کو نجی ذرائع آمد و رفت پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں، کئی اسکولز و دفاتر ایسے پہاڑی، کچے یا دشوار راستوں پر واقع ہیں جہاں رسائی بذاتِ خود ایک جسمانی چیلنج بن جاتی ہے۔

وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے معذور ملازمین کے لیے اسپیشل کنوینس الاؤنس 6000 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان میں یہ الاؤنس اب بھی صرف 4000 روپے ہے۔ یہ نہ صرف دیگر صوبوں سے عدم مساوات کا مظہر ہے بلکہ موجودہ زمینی حقائق کے بالکل برعکس اور ناکافی بھی ہے۔

لہٰذا، حکومت بلوچستان سے پُرزور اپیل کی جاتی ہے کہ معذور سرکاری ملازمین کا اسپیشل کنوینس الاؤنس بڑھا کر کم از کم 10,000 روپے ماہانہ مقرر کیا جائے۔

یہ اضافہ ان ملازمین کی مالی مشکلات میں کمی، جذبۂ خدمت میں اضافہ اور مساوی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ اس اقدام سے ان کی خودداری، عزتِ نفس اور پیشہ ورانہ کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں