پی آئی اے کی نجکاری کی دوسری بار کوششیں تیز

قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کی دوسری بار کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ نجکاری کمیشن نے کراچی میں نجی ہوٹل میں سرمایہ کاروں کو جامع بریفنگ دی جس میں اسلام آباد اور لاہور کے بعد کراچی میں بھی سرمایہ کاروں کو روڈ شو کے دوران پی آئی اے کے روٹس، اثاثہ جات، ملازمین، آمدنی اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

سرمایہ کاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں نجکاری کمیشن کو 3 جون تک ارسال کریں۔

گذشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سرکاری اداروں کی نجکاری کو تیز کرنے پر زور دیا تھا۔ مذاکرات کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے کا رائٹ سائزنگ عمل دسمبر 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا، اور اس سال ہی نجکاری کا عمل مکمل ہونے کی توقع ہے۔

حکام نے کہا کہ نجکاری کی راہ میں موجود رکاوٹیں جیسے ٹیکس واجبات اور منفی ایکویٹی سے متعلق سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی فلائٹس پر پابندی کا خاتمہ بھی نجکاری کے عمل میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ پیش رفت پی آئی اے کو مالی طور پر مضبوط بنانے اور ملکی فضائی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں