کھیل اور سیاست کا ٹکراؤ: ارشد ندیم نے بھارت میں جیولن تھرو مقابلے میں شرکت سے معذرت کر لی

پاکستان کے مایہ ناز اولمپیئن جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم نے بھارت کے شہر بنگلور میں ہونے والے “بنگلور کلاسک جیولن تھرو چیمپئن شپ” میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے ذاتی شیڈول اور پاکستان و بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ اگرچہ بھارتی اولمپئن نیرج چوپڑا نے انہیں ذاتی طور پر شرکت کی دعوت دی، اور یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، لیکن 20 مئی کو اس ایونٹ کے ساتھ ساتھ 22 مئی کو ایشین چیمپئن شپ کے لیے روانگی بھی شیڈول ہے، اس لیے وہ بنگلورو نہیں جا سکتے۔

ارشد ندیم نے نیرج چوپڑا کے خلوص پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مدعو کرنا دوستی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی ایک عمدہ مثال ہے۔

یہ انکار ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے پاکستان پر متعدد الزامات لگائے، سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا، اٹاری اور واہگہ بارڈر بند کر دیے اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ان سیاسی فیصلوں کے اثرات کھیلوں پر بھی پڑ رہے ہیں، اور ارشد ندیم جیسے کھلاڑیوں کی شرکت بھی بین الاقوامی تعلقات کی نذر ہو رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں