غریب کی روٹی اب مزید دور ہوگئی — 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا!

ملک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اور اب عوام کو ایک اور جھٹکا اس وقت لگا جب 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں اچانک 300 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ پہلے ہی معاشی بدحالی، بےروزگاری اور بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، اور اب آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مارکیٹ میں 20 کلو کا آٹا تھیلا جو کچھ روز پہلے تک تقریباً 2500 روپے میں دستیاب تھا، اب 2800 روپے یا اس سے بھی زیادہ میں فروخت ہو رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی جانب سے سپلائی کم کر دی گئی ہے جبکہ گندم کی قیمتوں میں اضافے نے بھی قیمت بڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔
یہ اضافہ نہ صرف براہِ راست صارفین کو متاثر کر رہا ہے بلکہ نانبائی، ہوٹل مالکان اور دیگر کاروباری افراد بھی مجبوراََ قیمتیں بڑھا رہے ہیں، جس کا اثر روزمرہ کھانے پینے کی ہر چیز پر پڑ رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی واضح ریلیف پیکج یا قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔
عوام سوال کر رہے ہیں کہ اگر آٹا بھی ان کی استطاعت سے باہر ہو گیا تو وہ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کیسے مہیا کریں گے؟