“پردیس کی سڑکوں نے ایک اور کشمیری جوان کو نگل لیا — بلال مغل کی المناک موت نے سب کو غمزدہ کر دیا”

آزاد کشمیر کے علاقے ڈنہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان بلال مغل سعودی عرب کے شہر دمام میں ایک افسوسناک کار حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔ جوانی میں روزگار کی تلاش میں پردیس جانے والا بلال، اپنی زندگی کی آخری سانسیں اجنبی زمین پر لے گیا۔ اس خبر نے نہ صرف اس کے خاندان بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلال مغل کچھ عرصے سے دمام میں مقیم تھا اور وہاں محنت مزدوری کر کے اپنے خاندان کی کفالت کر رہا تھا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ سعودی حکام کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اب بلال کی میت کو وطن واپس روانہ کر دیا گیا ہے، جو جلد ہی اُس کے آبائی گاؤں ڈنہ پہنچائی جائے گی، جہاں ہزاروں سوگوار آنکھیں اُس کا آخری دیدار کریں گی۔
بلال کی ناگہانی موت نے ایک بار پھر بیرون ملک محنت کشوں کی زندگی کے خطرات کو اجاگر کیا ہے۔ نہ صرف خاندان بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہزاروں افراد نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ بلال مغل کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور والدین و احباب کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین