جھنگ گڑھ مہاراجہ کا دردناک واقعہ

ضلع جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال، تھانہ گڑھ مہاراجہ کے زیرِ نگرانی چوکی محمود کوٹ کے علاقے دولوانہ غربی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نوجوان کی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی حالت میں برآمد ہوئی ہے۔
علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو چکی ہے، جب صبح سویرے مقامی لوگوں نے درخت کے ساتھ ایک نوجوان کی بے جان لاش دیکھی تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ تھانہ گڑھ مہاراجہ اور چوکی محمود کوٹ کی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
نوجوان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مقامی رہائشی ہو سکتا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ حقائق کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ ادھر عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اگر یہ قتل ہے تو ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔