“ملک میں جمہوریت نہیں، عاصم منیر کی آمریت قائم ہے” — عمران خان کا تہلکہ خیز بیان

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک سخت اور دھماکہ خیز بیان میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر براہِ راست سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت جمہوریت نہیں بلکہ بدترین آمریت قائم ہے، اور اس آمریت کے پیچھے صرف ایک شخص ہے — جنرل عاصم منیر۔

اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’’عاصم منیر میں طاقت کی شدید بھوک ہے، اسی لیے اس نے ملک میں مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فسطائیت، جبر اور سیاسی انتقام کی انتہا کر دی ہے۔‘‘ انہوں نے نو مئی کے واقعات کی ذمہ داری بھی انہی پر ڈال دی اور دعویٰ کیا کہ ’’نو مئی اسی نے کروایا، جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی۔ آج نو مئی اس کی انشورنس پالیسی بن چکی ہے۔‘‘

عمران خان نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان کے غیر سیاسی افراد کو بھی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ’’میرے بھانجوں شاریز خان اور شیر شاہ کو اغوا کیا گیا، حالانکہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ شاریز، جو ایک بہترین ایتھلیٹ ہے، اسے بھی اٹھا لیا گیا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ انہیں قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، وکلاء اور اہل خانہ سے ملاقاتیں روکی جا رہی ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی آٹھ ماہ سے قید تنہائی میں بدترین حالات میں رکھا گیا ہے۔ ’’انہیں گندا پانی دیا جاتا ہے، ان پر جسمانی تشدد کیا گیا، کرنٹ لگایا گیا، اور زخم دیے گئے،‘‘ عمران خان کا دعویٰ۔

انہوں نے فیصل واوڈا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ترجمان بن چکے ہیں اور بشریٰ بی بی سے متعلق جھوٹے بیانات دے رہے ہیں۔ ’’عاصم منیر نے ماضی میں زلفی بخاری کے ذریعے بشریٰ بی بی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، انکار پر آج وہ انتقام لے رہا ہے،‘‘ عمران خان کا کہنا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں اس وقت ’’عدلیہ بے ضمیر، میڈیا خاموش، اور پولیس سیاسی انتقام کا آلہ بن چکی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی جیسے منصوبے معیشت نہیں چلا سکتے، بلکہ صرف قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے جن ثبوتوں کی بنیاد پر وہ ماضی میں ISI کو رپورٹ کرتے تھے، آج انہی ’’چوروں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پی ٹی آئی چھوڑتا ہے، اس کے کیسز ختم کر دیے جاتے ہیں، اور عدلیہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد مکمل غلام بن چکی ہے۔

آخر میں عمران خان کا کہنا تھا کہ:
’’عاصم منیر، تم جتنا مرضی ظلم کر لو، میں نہ جھکوں گا، نہ ڈروں گا، اور اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھوں گا۔‘‘

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں