عمرہ کے سفر میں اندوہناک حادثہ، پانچ پاکستانی زائرین جاں بحق

سعودی عرب کے مقدس سفر پر روانہ ہونے والے پاکستانی عمرہ زائرین اس وقت افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئے جب جدہ سے مدینہ منورہ جانے والی ان کی بس المنازل البدر کے قریب ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ اس دلخراش واقعے میں تین خواتین سمیت پانچ پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولنگر سے بتایا گیا ہے، جن میں دو خواتین گاؤں 228/9-R، ایک خاتون گاؤں 201 مراد، ایک بزرگ گاؤں 39/3-R، اور دوسرے بزرگ کا تعلق ڈاہرنوالہ شہر سے تھا۔
یہ المناک واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک قیامت سے کم نہیں، بلکہ پوری قوم کے دل کو دہلا دینے والا ہے۔ جو زائرین اللہ کے گھر کی زیارت کے لیے محبت و عقیدت سے نکلے تھے، وہ راہ میں ہی دنیا سے رخصت ہو گئے۔
اللہ پاک ان مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ آمین۔