ٹرمپ نے ایران کو 30 ارب ڈالر کی مالی امداد کی خبریں مسترد کر دیں، کہا یہ جھوٹ اور جعلی میڈیا کی سازش ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ان کی انتظامیہ ایران کو سویلین جوہری پروگرام بنانے کے لیے 30 ارب ڈالر تک کی مالی امداد دینے پر غور کر رہی ہے۔ سی این این اور این بی سی نیوز نے مختلف دنوں میں خبروں میں بتایا تھا کہ امریکی انتظامیہ یورینیم کی افزودگی روکنے کے بدلے ایران کو اقتصادی مراعات دینے کے ابتدائی منصوبوں پر غور کر رہی ہے، تاہم یہ رپورٹس ابھی ابتدائی مراحل میں تھیں۔
ٹرمپ نے جمعے کی رات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “سوشل ٹرتھ” پر ایک بیان میں ان خبروں کو “مضحکہ خیز” اور “بڑا جھوٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ایسا کوئی منصوبہ نہیں سنا اور یہ رپورٹس جعلی میڈیا کی تخلیق ہیں۔
ادھر، اپریل سے ایران اور امریکہ کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے سفارتی رابطے جاری ہیں، جس میں ایران کا موقف ہے کہ ان کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے جبکہ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی کوشش ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی ہے۔ اس پس منظر میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اس کشیدہ مسئلے کا کوئی سفارتی حل نکالا جا سکے۔
ٹرمپ کی جانب سے یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب خطے کی سیاسی صورتحال حساس ہے اور جوہری معاملات عالمی امن و سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔



