“سعودیہ میں موسمی خطرہ — بارش کے ساتھ سیلاب کا خدشہ!”

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں منگل تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بھی لاحق ہے۔ یہ وارننگ سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے جاری کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق مکہ مکرمہ میں درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے، جو تیز ہواؤں اور اولوں کے ساتھ ہو سکتی ہے۔ ریاض میں بھی معتدل سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ نجران میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ یہ بارشیں مدینہ منورہ، الباحہ، عسیر، جازان، قصیم، حائل، شمالی سرحدی علاقہ اور مشرقی صوبے تک پھیل سکتی ہیں۔
محکمہ شہری دفاع نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے گریز کریں، سفر سے پہلے موسم کی صورتحال چیک کریں اور ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔ یہ وارننگ ایسے وقت میں آئی ہے جب موسم بہار کی بارشیں اکثر سعودی عرب میں شدید طوفانوں اور اربن فلڈنگ کا سبب بنتی ہیں۔