جب خواتین دل بے وجہ گھبرانے لگے اور سانس لینا مشکل ہو جائے، تو سمجھ لیں اینگزائٹی خاموشی سے دستک دے رہی ہے.

خواتین کی زندگی بظاہر مسکراہٹوں سے بھری ہوئی لگتی ہے، مگر اس کے پیچھے ایک ایسا خاموش طوفان ہوتا ہے جسے وہ اکثر کسی سے بیان نہیں کر پاتیں۔ اینگزائٹی، یعنی ذہنی بےچینی، خواتین میں ایک عام مگر نظر انداز کی جانے والی کیفیت ہے۔ یہ کیفیت دھیرے دھیرے دل و دماغ پر چھا جاتی ہے، کبھی بغیر کسی ظاہری وجہ کے اور کبھی زندگی کے بوجھ تلے دب کر۔
ایک عورت، چاہے وہ ماں ہو، بیوی ہو، بیٹی یا ایک پروفیشنل، ہر رشتہ، ہر ذمہ داری کو نبھاتے نبھاتے خود کو کہیں کھو دیتی ہے۔ دن بھر کے کام، بچوں کی دیکھ بھال، گھر کے فرائض اور سوشل میڈیا پر خود کو “پرفیکٹ” دکھانے کا دباؤ، اسے اندر سے تھکا دیتا ہے۔ اور یہی تھکن بعض اوقات اینگزائٹی میں بدل جاتی ہے۔
کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ کسی بات پر دل بےچین ہو جاتا ہے، کچھ کرنے کا دل نہیں چاہتا، نیند اُڑ جاتی ہے، یا پھر اچانک دل تیز تیز دھڑکنے لگتا ہے۔ یہ سب علامات ذہنی دباؤ کی ہوتی ہیں، اور یہ معمولی بات نہیں۔ اینگزائٹی کوئی کمزوری نہیں، بلکہ ایک اشارہ ہے کہ آپ کی ذہنی صحت تھکن کا شکار ہو چکی ہے۔
خواتین کی اینگزائٹی کی ایک بڑی وجہ ان کے اندرونی جذبات کا دبایا جانا بھی ہوتا ہے۔ اکثر بچپن کی کوئی تلخ یاد، ازدواجی زندگی کا تناؤ، یا دوسروں کی توقعات پر پورا اُترنے کا دباؤ، اُن کے اندر اس طرح بیٹھ جاتا ہے کہ وہ خود بھی سمجھ نہیں پاتیں کہ آخر وہ اتنی بےچین کیوں ہیں۔
یہ کیفیت تب اور خطرناک ہو جاتی ہے جب عورت اسے “معمول” سمجھ کر نظر انداز کرتی ہے۔ وہ اپنے آرام، نیند، صحت اور جذباتی سکون کو دوسروں کی ضروریات پر قربان کر دیتی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اگر آپ خود ٹھیک نہیں ہوں گی، تو دوسروں کا خیال رکھنے کی طاقت بھی کھو بیٹھیں گی۔
ضرورت ہے کہ اینگزائٹی کو پہچانا جائے، اسے سنجیدہ لیا جائے، اور خود کے لیے وقت نکالا جائے۔ کسی قریبی سے بات کی جائے، کسی ماہرِ نفسیات سے مشورہ لیا جائے، یا صرف چند لمحے روز اپنے دل کی سننے کے لیے رکھے جائیں۔ یہ چھوٹے چھوٹے قدم آپ کو اس اندھیرے سے باہر نکال سکتے ہیں جہاں بےچینی کا بسیرا ہوتا ہے۔
یاد رکھیں، آپ کی خاموشی میں بھی آواز ہے، اور آپ کی تھکن بھی کسی توجہ کی مستحق ہے۔ اپنی ذہنی سکون کو اہمیت دیں، کیونکہ ایک مطمئن عورت ہی اصل طاقت ہے۔