نادرا نے ‘چائے والا’ کے نام سے مشہور ارشد خان کا قومی شناختی کارڈ کیوں معطل کیا؟

2016 میں سوشل میڈیا پر اپنی نیلی آنکھوں اور چائے بنانے کے انداز سے راتوں رات شہرت پانے والے ارشد خان آج ایک سنگین مسئلے کا شکار ہیں: وہ اس وقت نہ صرف پاکستانی شہریت سے محروم ہو چکے ہیں بلکہ دنیا کے کسی بھی ملک کے شہری نہیں رہے، یعنی وہ ’سٹیٹ لیس‘ ہو چکے ہیں۔

نادرا نے ارشد خان کا شناختی کارڈ پہلے 2018 میں عارضی طور پر معطل کیا، اور پھر 2023 میں اسے مکمل طور پر بلاک کر دیا۔ اب ارشد خان نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کرتے ہوئے شناختی کارڈ کی بحالی کے لیے درخواست دائر کی ہے، جس پر سماعت 17 اپریل کو ہو گی۔

نادرا کا مؤقف ہے کہ ارشد کے غیر ملکی ہونے کے شواہد موجود ہیں، اور وہ مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے اور کمیٹی کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہے۔ تاہم ارشد خان ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ نادرا کے ساتھ مکمل تعاون کر چکے ہیں۔

ارشد کے مطابق ان کے آباؤ اجداد 70 کی دہائی سے پہلے افغانستان سے پاکستان آئے تھے، اور وہ خود اسلام آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا شناختی کارڈ 1984 میں بنا، اور وہ اسی کی بنیاد پر سعودی عرب میں کام بھی کر چکے ہیں۔

ارشد مزید بتاتے ہیں کہ ان کی دونوں مائیں (سگی اور سوتیلی) پاکستانی پختون ہیں۔ ان کے نانا، ماموں سب کے شناختی کارڈ موجود ہیں، البتہ ان کی والدہ کا شناختی کارڈ اس وجہ سے نہیں بنا کہ ان کے خاندان میں خواتین کی تصاویر بنوانا روایتی طور پر ناپسند کیا جاتا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں